سینٹرل کنٹریکٹ پر گرد جمنے لگی، پلیئرز کا انتظار طویل ہو گیا، دورہ انگلینڈ میں ناقص کارکردگی کے بعد معاملہ التوا کا شکار ہے، ہوم سیزن میں ٹیم کی بہتر کارکردگی پر ہی کوئی پیش رفت متوقع ہو گی، ابتدائی طور پر تیار شدہ فہرست میں تبدیلوں کا امکان بڑھ گیا، محمد رضوان اور امام الحق کے ساتھ شان مسعود کا برقرار رہنا دشوار لگنے لگا، غیر ملکی لیگز کے لاتعداد این او سی کی وجہ سے کئی کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کا معاہدہ لینے کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کا نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک نافذ رہے گا، جولائی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ روانگی سے قبل ٹیم کو اس حوالے سے بریفنگ دی گئی، 30 پلیئرز کی فہرست بھی تیار ہو چکی تھی، البتہ انگلینڈ میں غیر معیاری کارکردگی اور وائٹ واش کے بعد معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا، تاحال معاہدوں کا اعلان ہی نہیں کیا گیا۔

